تہران (این این آئی)ایران کی بحریہ کے کمانڈڑ شہرام ایرانی نے دعویٰ کیا کہ خلیج میں داخل ہونے والی امریکی آبدوز کی پیش قدمی ناکام بنا دی گئی جبکہ امریکی بحریہ نے اس طرح واقعے کی تردید کردی ہے،ایرانی حکا م کے مطابق امریکی آبدوز خاموشی سےآگےبڑھ رہی تھی،ایرانی آبدوزفتح نےاسکاسراغ لگایااورآبنائےہرمزکی طرف پیش قدمی روک دی ،ہماری سرحدکی خلاف ورزی کی ،عالمی تنظیموں کو حقیقی تصویردکھائینگے غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ʼامریکی آبدوز پانی کے اندر خاموشی سے آگے بڑھ رہی تھی لیکن ایرانی آبدوز فتح نے اس کا سراغ لگایا اور اس کو آبنائے ہرمز کی طرف پیش قدمی روکنے پر مجبور کیا۔بیان میں کہا گیا کہ امریکی آبدوز ہماری سمندری حدود میں داخل ہوگئی تھی لیکن تنبیہ پر اس نے اپنا راستہ درست کرلیا۔ایران کا کہنا تھا کہ یہ آبدوز اپنی تمام صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے مکمل خاموشی کے ساتھ نظر آئے بغیر گزرنے کی اپنی طرف سے بہترین کوشش کر رہی تھی۔حکام کا کہنا تھا کہ ʼہم عالمی تنظیموں کو اس کی حقیقی تصویر دکھائیں گے کہ اس نے ہماری سرحد کی خلاف ورزی کی ہے۔بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ نے بیان میں اس خبر کی تردید کرتے ہوئے اس سے ایرانی ʼڈس انفارمیشنʼ قرار دے دیا۔کمانڈر ٹموتھی ہاؤکنز نے کہا کہ ʼامریکی آبدوز آج یا حال میں آبنائے ہرمز کی طرف نہیں بھیجی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ʼدعوے ایران کی ڈس انفارمیشن کا اظہار ہیں جو خطے کی بحری سلامتی اور استحکام کے مفاد میں نہیں ہے۔امریکی بحریہ نے کہا کہ رواں ماہ کے شروع میں جوہری طاقت، میزائل سے لیس آبدوز فلوریڈا ففتھ فلیٹ کے تعاون میں مشرق وسطیٰ میں فعال تھی۔ایرانی اور امریکی فورسز کے درمیان ماضی میں کئی مرتبہ کشیدگی ہوئی ہے، اپریل کے شروع میں ایرانی بحریہ نے کہا تھا کہ خلیج سے باہر امریکی جاسوس جہازوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر تنبیہ کردی گئی ہے۔