پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی اداکارہ اور فیشن ماڈل ایمان علی کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا سے خوش نہیں۔ ان کے مطابق اسکی وجہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ دوسروں کی توہین کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ایمان علی نے نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایمان نے کہا کہ انہیں اداکاروں کی یہ عادت بھی پسند نہیں جس میں وہ اپنی تصویریں بنا کر انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں۔
اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پہلے تو پاپا رازی فنکاروں کا پیچھا کیا کرتے اور تصاویر بناتے تھے، لیکن میں سمجھتی ہوں کہ کوئی آرٹسٹ اپنی تصویر خود بناکر اسے پوسٹ کرے تو یہ بڑی گھٹیا حرکت ہے۔
ایمان علی کا کہنا تھا کہ اسے اسٹارز کا رویہ نہیں کہہ سکتے بلکہ یہ تو خود فروشی کے مترادف ہے۔
یاد رہے کہ خدا کے لیے، ماہ میر، بول اور ٹچ بٹن جیسی شہرہ آفاق فلموں سے نام بنانے والی اداکارہ ایمان علی فلم اور ٹیلی ویژن کے معروف اداکار عابد علی مرحوم کی بیٹی ہیں۔