لندن(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر نااہل کیا گیا اور ایک سازش کے ذریعے 2018میں عمران نیازی کو ملک پر مسلط کیا گیا ۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ثاقب نثار نے از خود نوٹس کا اختیار عوامی مفاد میں نہیں بلکہ عمران نیازی کو کامیاب کرانے کے لئے استعمال کیا وہ پی ٹی آئی اور عمران نیازی کے ایجنٹ کے طور پر کام کررہے تھے اور ان کا واحد مقصد نوازشریف کو ہرانا اور عمران نیازی کو کامیاب کرانا تھا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ آڈیو لیکس نے وہ تمام کردار بے نقاب کر دیئے ہیں جو اس سازش کا حصہ تھے اورثاقب نثار کی آڈیو لیک منظر عام پر آنے کے بعد اب اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ عمران نیازی کو کسی بھی طریقے سے اقتدار میں لانے کے لئے سازش کی گئی تھی ۔