پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان علی خان نے کنسرٹ میں اپنی آواز کا ایسا جادو جگایا کہ ان کے سروں کی سرگم سے سماں بندھ گیا تو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر پر استاد راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان علی خان کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ امریکا کے شہر واشنگٹن ڈی سی میں براہ راست کنسرٹ میں پرفارم کر رہے ہیں۔
والد کے نقش قدم پر چلتے بیٹے نے سروں کے ایسے تال چھیڑے کہ کنسرٹ میں موجود ہر ایک کو اپنی آواز کے سحر میں جکڑ لیا تو ان کی براہ راست پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایک صارف نے باپ بیٹے کی پرفارمنس کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’باپ اور بیٹا ایک ساتھ، آپ کہہ سکتے ہیں کہ خان صاحب اپنے بیٹے کی کارکردگی پر کتنا فخر محسوس کررہے ہوں گے‘۔
اس رنگا رنگ کنسرٹ میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سریلے بول پر سیکڑوں افراد کا مجمع گھنٹوں جھومتا رہا۔
گانوں کے ساتھ ساتھ استاد راحت فتح علی خان کے صوفیانہ کلام نے ناظرین کو دیوانہ بنا دیا۔