پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح امریکی شہروں میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں ہمدردوں اور پاکستانی امریکنز نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
عمران خان کی گرفتاری پر مشتعل اور غم و غصے کا شکار مظاہرین اپنے ہاتھوں میں مذمتی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔
مظاہرین نے پاکستان کی حکومت اور اسٹبلشمنٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے روزانہ کی بنیاد پر ہیوسٹن میں مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے، ہیوسٹن میں دوسرا مظاہرہ شام میں منعقد ہوگا۔
مظاہرے کی قیادت کرنے والے پی ٹی آئی امریکا کے مرکزی رہنماؤں سجاد برکی اور عاطف خان کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن تھا اور جن قوتوں نے یہ ریڈ لائن عبور کی ہے اِنہیں اپنے اس شرمناک اقدام کے نتائج کا اندازہ نہیں ہے، اب سمندر پار پاکستانی کیا کریں گے ان قوتوں کو جَلد پتہ چل جائے گا۔