کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا نیا فنانشل ماڈل تیار کرلیا گیا ۔ بھارت کو بڑا حصہ ملنے کا امکان ہے۔ انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کو مجموعی کمائی کا 6.89فیصد، کرکٹ آسٹریلیا کو6.25 فیصد او ر پاکستان کو 5.75فیصد دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس چار سالہ مجوزہ مالیاتی ماڈل کے تحت بھارت آئی سی سی کی 600ملین ڈالرز کی سالانہ کمائی کا 40فیصد حصہ یعنی 230ملین ڈالر لے جائے گا جب کہ پاکستان کو صرف 34.5ملین ڈالرز ہی ملیں گے ۔ غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو 41ملین، آسٹریلیا کو 37.53ملین ڈالر اور نیوزی لینڈ کو 4.73فیصد حصے کےبعد 28.38 ملین ڈالرز ملنے کا امکان ہے۔ افغانستان کو آئی سی سی سے سب سے کم 2.8فیصد ملے گا۔ ایسوسی ایٹ ممبرز میں67.16ملین ڈالرزبانٹے جائیں گے۔ آئی سی سی کی بھارت نوازی سے یہ سوال کھڑا ہوگیا ہے کہ عالمی گورننگ باڈی آئی سی سی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے یا انڈین کرکٹ کونسل؟ اور کیا بگ تھری تاحال قائم ہے؟