لاہور(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعدشروع ہونے والے پرتشددمظاہرے جاری ‘سرکاری املاک نذر آتش ‘سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیرا ئو میں ملوث 1280 سے زائد شرپسند عناصر کوگرفتار کر لیا گیا ۔ شرپسند عناصر کی پرتشدد کاروائیوں میں پنجاب بھر میں 145سے زائد افسران واہلکار شدید زخمی ہوئے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے بدھ کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حساس سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا گیا‘ ملک دشمن عناصر اپنی سرگرمیوں سے باز آجائیں‘ قانون ہاتھ میں لینے والے شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائےگا‘شرپسندوں کو آئین اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی ۔ اپنے خطاب میں شہباز شریف نے مزید کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو گزشتہ حکومت جیسا بدنما اور ظالمانہ طرز عمل اختیار نہیں کیا، عمران خان کے دور میں کیس نہیں چہرہ دیکھا جاتا تھا، عمران نیازی کہتے تھے کہ کل ایک اور وکٹ گرنے والی ہے اور وہ وکٹ گرجاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نیب قانون میں ترمیم کرائی اور ریمانڈ 90 دن سے کم کرکے 15 دن کرائی، آج نیب قانون میں ترمیم کا پہلا بینیفیشری عمران خان ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ املاک کو نقصان پہنچانا دہشتگردانہ عمل اور ملک دشمنی ہے ، عمران نیازی کی گرفتاری کرپشن کے مقدمے میں ہوئی ہے، القادر ٹرسٹ کیس کے تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں، 190 ملین پاؤنڈ کے معاملے کو لفافے میں بند کرکے کابینہ سے منظور کرایا گیا، کابینہ کو مکمل طور پر اندھیرے میں رکھا گیا، جب لفافہ کھول کے دیکھا ہی نہیں تو یہ کابینہ کا فیصلہ کیسے ہوسکتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی قیادت نے حساس، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، یہ مناظر پاکستان کے عوام نے کبھی نہیں دیکھے تھے۔