کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) پاکستان آئیڈل کی کامیابی شہرت کے بلندیوں کو چھونے لگی، قیمتی دلکش سیٹ توجہ کا مرکز،دنیا بھر میں چرچے ہونے لگے،سدا بہار فلمی اور غیر فلمی گیتوں کو نئی آوازوں کے ساتھ بے حد پسند کیا جارہا ہے، شو میں پہلی بار استاد نصرت فتح علی خان کو ٹریبیوٹ پیش کیا گیا۔راحت فتح علی خان اور ان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان نے آواز کا جادو جگایا۔ عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی نےجنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئیڈل، انصاف پر مبنی پلیٹ فارم ہے،جو ملک بھر کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق موسیقی سب سے بڑے پروگرام پاکستان آئیڈل کے سیٹ پر ہمیں مدعو کیا گیا۔اس موقع پر پروگرام میں حصہ لینے والے مستقبل کے سپر اسٹارز خوش خوش دکھائی دے رہے تھے۔ان کی آنکھوں میں سجے سپنے، سچ ہونے جارہے تھے۔ ہم نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے موسیقی میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ صوفی سنگر استاد راحت فتح علی خان نے خصوصی گفتگو کی۔اس موقع پر پاکستان آئیڈل کے سربراہ بدر اکرام اور ٹیلنٹ ڈائریکٹر تنویر آفریدی بھی موجود تھے۔ایک سوال کے جواب میں سروں کے سلطان، استاد راحت فتح علی خان نے بتایا کہ پاکستان آئیڈل کے ذریعے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔