کراچی (جنگ نیوز) حکومت کی جانب سے میڈیا، خاص طور پر ڈان اخبار میں کئی مہینوں تک سرکاری اشتہارات پر پابندی سینکڑوں ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے شدید تشویش کا سبب ہے۔ آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنیک) اس مشکل وقت میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ خیالات آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن کے اجلاس میں ظاہر کیے گئے، جو کراچی میں اس کے چیئرمین شکیل یامین کانگہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پاکستان بھر کی دیگر ایپنک یونینز کے عہدیداروں نے اجلاس میں زوم کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے حکومت کی جانب سے روزنامہ ڈان میں اشتہارات کے بند ہونے کی شدید مذمت کی اور اشتہارات کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔ ایپنیک کے چیئرمین شکیل یامین کانگہ نے اشتہارات کے بند ہونے کو میڈیا ملازمین کا معاشی قتل اور اظہار رائے پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو میڈیا کارکنوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کا حق نہیں ہے۔ اجلاس نے مقامی ایپنیک انتخابات فوری طور پر کرانے کی بھی منظوری دی تاکہ صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو علاقائی سطح پر منظم کیا جا سکے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ آئی ٹی این ای کے چیئرمین کا فوری تقرر کیا جائے اور آئین کے مطابق تمام چاروں صوبوں میں آئی ٹی این ای عدالتیں قائم کی جائیں۔ اجلاس میں چیئرمین شکیل یامین کانگہ، سیکرٹری جنرل اصغر خان، فنانس سیکرٹری محمد عرفان، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان، ہیرالڈ ورکرز یونین کے صدر محمد کاشف، وائس چیئرمین دارا ظفر، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل رانا محمد یوسف، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل مرزا عمران بیگ، ممبر این ای سی عبید اللہ، نیوز یونین کراچی کے صدر سعید محی الدین، رضی الدین بابر، شوکت خٹک، جنگ ایمپلائز یونین کراچی کے جوائنٹ سیکرٹری سلیم اللہ صدیقی، سید صابر علی، لاہور سے عدنان شوکت، طاہر منصف اور دیگر نے شرکت کی۔