برسلز(اے پی پی)یورپی یونین کے نمائندہ برائے خارجہ پالیسی جوزف بوریل نے کہا ہے کہ روسی تیل کو ریفائن پٹرولیم مصنوعات میں تبدیل کر کے بیچنے کی بھارتی پالیسی پر یورپی یونین کو کریک ڈائون کرنا چاہیے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے چیف سفارتکار نے جریدے فائنانشل ٹائمز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر یورپ میں ایسا ڈیزل یا پٹرول بھارت سے آرہا ہے جسے روسی تیل کی مدد سے تیار کیا جارہا ہے تو یہ روس پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہے اور یورپی یونین کے رکن ممالک کو اس کے خلاف اقدامات کرنا ہوں گے۔یوکرین پر روسی حملے کے بعد مغربی ممالک خصوصا یورپ نے روس سے تیل کی خریداری ختم کر دی ہے، جس کے بعد بھارت روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار بن گیا ہے۔روس کے سستے خام تیل تک رسائی کے سبب بھارت نے اپنی پٹرولیم ریفائنریز سے پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے سبب اب بھارت یورپ کو تیل مصنوعات کا بڑا سپلائر بن چکا ہے۔