کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کر کٹ بورڈ نے دبئی کو ایشیا کپ کے نیوٹرل وینیو کے طور پر ترجیح دے دی ہے جہاں گیٹ منی کے زیادہ امکانات ہیں ،جبکہ بھارتی بورڈ آفیشل نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے اور یہ وینیو امارات نہ ہو، وہاں بہت گرمی ہے اس لیے کھلاڑیوں کی انجریز کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ سری لنکا ٹورنامنٹ کے لیے بہترین جگہ ہے، اس وقت تک ہم نے ایشیا کپ کے بائیکاٹ کرنے کے بارے میں بات نہیں کی، پہلے ہمیں صورتحال سمجھنے دیں پھر ہم کوئی فیصلہ کریں گے۔پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کولمبو یا کسی اور وینیو سے دبئی کی طرح گیٹ منی حاصل نہیں ہو سکتی، دبئی کے علاوہ کسی اور وینیو کی وجہ سے گیٹ منی کا نقصان ایشین کرکٹ کونسل کو پورا کرنا چاہیے۔ایشیا کپ کے معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل کے نائب صدر پنکج کھیمجی اور بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کی اگلے 24گھنٹوں میں ملاقات متوقع ہے۔ جس میں نائب صدر پنکج کھیمجی ملاقات میں پی سی بی کا ترمیم شدہ ہائبرڈ ماڈل پیش کریں گے۔اے سی سی اے کے نائب صدر جے شاہ کو گزشتہ ہفتے دبئی میں نجم سیٹھی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے جب کہ وہ سری لنکا اور بنگلادیش بورڈ اور ان کے مؤقف سے بھی جے شاہ کو آگاہ کریں گے۔ اے سی سی کے اجلاس کے حوالے سے پی سی بی کو تاحال نہیں بتایا گیا تاہم پی سی بی کو یقین ہے کہ ہائبرڈ فارمولے میں پاکستان کی ترجیح کو اہمیت دی جائے گی۔ہائبرڈ فارمولے میں پاکستان نیپال کے خلاف میچ اپنے ملک میں کھیلے گا، 3میچز میں بنگلادیش، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارت کے گروپ میچز، ٹاپ چار ٹیموں اور فائنل ہائبرڈ فارمولے کے وینیو پر ہوگا۔پی سی بی کو ازسر نو پیش کیے جانے والے ہائبرڈ فارمولے کے منظور ہونے کی بھی امید ہے اور سری لنکا اور بنگلادیش کی ہاں کے بعد پی سی بی جلد فیصلے کے لیے پُراعتماد ہے۔