کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے حکومت اور کھیلوں کی فیڈریشنوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ اور سیاسی مداخلت کے خدشات پر غور کیلئے ایگزیکٹو اور جنرل کونسل کے ہنگامی اجلاس جمعہ اور ہفتے کو لاہور میں طلب کر لئے ہیں، صدارت پی او اے کے صدر عارف سعید کریں گے۔ پی او اے حکام وزیر اعظم شہباز شریف اور بین الصوبائی رابطے کے مشیر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کرکے حکومتی اقدامات کے بعد انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی، اولمپک کونسل آف ایشیا اور کھیلوں کی عالمی تنظیموں ردعمل سے آگاہ کرے گا۔ آئی او سی اور بین الاقوامی فیڈریشنز، قومی اولمپک کمیٹیوں اور اسپورٹس فیڈریشنوں کے امور میں حکومتی مداخلت کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی رکھتی ہیں۔ پی ایس بی کے حال ہی میں ریاستی حمایت یافتہ الیکشن کمیشن اور تنازعات کے حل کے ٹربیونل کے قیام نے فیڈریشنوں پر عالمی تنظیموں کا دباؤ بڑھا دیا ہے۔