کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور آئر لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسران ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جمعے کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو سیریز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کو خسارہ برابر کرنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پہلے میچ میں 11رنز سے شکست دی تھی۔ میچ کی خاص بات کپتان فاطمہ ثنا کی26 رنز کے عوض 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی ہے جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی بہترین بولنگ بھی ہے۔ میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر فاطمہ ثنا کو سرزنش کی گئی ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ فاطمہ ثنا کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے آؤٹ قرار دینےامپائر کے فیصلے پر نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔ میچ کے بعد سماعت میں انہو ں نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔ پہلے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں آئرلینڈ کی 5 ویں کامیابی ہے ۔ پاکستان ویمنز نے 15 میچز جیتے ہیں۔ بدھ کو کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ایمان فاطمہ کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی۔