• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز سے آج پہلا ون ڈے، سینئرز کی شمولیت، پاکستان ٹیم گیئر بدلنے کو تیار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ڈے اینڈ نائٹ ون ڈے انٹر نیشنل جمعہ کو تاروبا ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دو بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالی فائی کرنے کیلئے سیریز کو اہم قرار دے رہی ہے۔2023میں ویسٹ انڈیز نے تاریخ میں پہلی باربھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے کوالی فائی نہیں کیا تھا۔ پاکستان نے فلوریڈا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ سلمان علی آغا کی جگہ ون ڈے میں کپتانی محمد رضوان کرینگے۔ بابر اعظم، عبداللہ شفیق اور نسیم شاہ کی شمولیت سے پاکستانی ٹیم گیئر بدلنے کیلئے تیار ہے۔ اپریل میں پاکستان نے آخری سیریز نیوزی لینڈ میں کھیلی تھی جس میں اسے تین صفر سے شکست ہوئی تھی۔ ویسٹ انڈیز انگلینڈ کے ہاتھوں ہوم سیریز کے تینوں میچ ہارا، آئر لینڈ سے سیریز ایک ایک سے برابر ہوئی تھی۔ پاکستان نےگذشتہ سال آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں دو ایک، زمبابوے کو زمبابوے میں دو ایک اور جنوبی افریقا کو اس کے ملک میں تین صفر سے شکست دی تھی۔ لیکن آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے شکست ہوئی، اس سے قبل تین ملکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے ہرایا تھا۔ رضوان کہتے ہیں کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی جیت کا مومینٹم برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان ون ڈے اسکواڈ محمد رضون ( کپتان/ وکٹ کیپر )، سلمان علی آغا، عبداللہ شفیق ، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف ، حسن علی ، حسن نواز، حسین طلعت ، محمد حارث ( وکٹ کیپر ) ، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم پر مشتمل ہے۔ فخرزمان ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ حسن نواز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں عمدہ کارکردگی کے بعد پہلی بار ون ڈے ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرین سیمی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز چیلنجنگ ہوگی، ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہمارا ہدف ہے۔ فاسٹ بولر الزاری جوزف ٹیم سے باہر ہوگئے انہیں آرام دیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی قیادت شے ہوپ کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں جیوئل اینڈریو، کیسی کارٹی، جیڈیا بلیڈز، راسٹن چیز، میتھیو فورڈ ، جسٹن گریوز، عامر جانگو، شمار جوزف، برینڈن کین، ایون لوئس، گوڈاپیش موتی، شرفین ردرفورڈ، جیڈن سیلز، روماریو شیفرڈ شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز نے ہوم گراؤنڈ پر اپنی آخری تین ون ڈے سیریز جیت رکھی ہیں لیکن انگلینڈ میں آخری سیریز میں اسے تین صفر سے شکست ہوئی تھی۔ پاکستان ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں چوتھے اور ویسٹ انڈیز کا 10 ویں نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابتک 137 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 63اور ویسٹ انڈیز نے 71 میں کامیابی حاصل کی ہے، 3 میچز ٹائی ہوئے ہیں۔ دونوں ٹیموں میں آخری ون ڈے سیریز 2022میں ملتان میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے تین صفر سے جیتی تھی۔

اسپورٹس سے مزید