کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت میں اس ماہ شیڈول ایشیا کپ ہاکی میں شرکت سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد میزبان بھارت کی تجویز پر ایشیائی ہاکی حکام نے بنگلہ دیش کو شامل کرلیا ہے۔ اس پر بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن نے اے ایچ ایف سے فیصلے کی جلد تصدیق کی درخواست کی ہے تاکہ تیاری شروع کی جاسکے ۔ تاہم ایشین ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش کو شامل کرنے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پاکستان نے سیکورٹی وجہ کی بنا پر ٹورنامنٹ میں عدم شرکت کے فیصلے سے ایشین ہاکی فیڈریشن کو بذریعہ خط مطلع کردیا ہے۔ اس سے قبل پی ایچ ایف ٹورنامنٹ یا اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ دوسری جانب جنگ کے رابطے پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی نے بتایا کہ ہم نے تاحال اس متعلق کسی کو اطلاع نہیں دی، ایشین حکام کے جواب کے منتظر ہیں، بھارتی میڈیا یا ہاکی آفیشلز کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے ایشیاء کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے۔ ہم بھارتی ہاکی فیڈریشن سے نہیں ایشین حکام سے رابطے میں ہیں۔ فیڈریشن کے سکریٹری رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کہ ہمیں سیکیورٹی اور ویزے کی ضمانت دی جائے، ایشین فیڈریشن نے بنگلہ دیش کی شمولیت کا خود کوئی فیصلہ کیا ہو تو علم نہیں۔