کوئٹہ ( پ ر) عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے نوجوانوں اور محب وطن شہریوں کو ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کے لئے استعمال کیا۔ 9 مئی کے افسوسناک واقعات اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے واضح کر دیا ہے کہ یہ سارا کھیل پاکستان ، پاک افواج اور اعلیٰ ملکی اداروں کے خلاف ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت رچایا گیااور ملک کے خلاف ایک بڑی سازش تھی۔ان خیالات کا اظہارممتاز قبائلی وسماجی شخصیت پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے اس دن کے لئے بہت پہلے سے منصوبہ بندی شروع کر دی تھی ۔ جس دن سے عمران خان اپنی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر اقتدار سے الگ ہوئے اس دن سے اس جھوٹے شخص نے اعلیٰ اداروں اور شخصیات پر الزامات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اعلیٰ قومی اداروں خاص کر پاک افواج کے خلاف پی ٹی آئی ورکروں کی ذہن سازی کی جارہی تھی جس کا شاخسانہ ہم نے پچھلے چند دنوں تشدد اور جلاؤ گھیراؤ اور حساس تنصیبات پر حملوں کی صورت میں دیکھا ۔ ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات میںپی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے بعد اس شخص نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے جذباتی کارکنوں کو اکیلا چھوڑ دیا اور ان سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔ عوام اس جھوٹے شخص کو پہچان چکے ہیں اور اب اس کی کسی بات پر کان نہیں دھریں گے ،پی ٹی آئی کارکنوں کو بھی سوچنا چاہئے کہ جو شخص مشکل وقت میں ان کا ساتھ چھوڑ جائے وہ ان کا لیڈر کیسے ہو سکتا ہے ۔ میر علی حسن زہری نے پوری قوم سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کا مکمل سوشل بائیکاٹ اور نشاندہی کی جائے جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیںتاکہ انہیں قرار واقعی سزا مل سکے ۔