• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارگریٹ فریئر کی نشست پر ری کال پٹیشن آنے میں کوئی شک نہیں، سٹارمر

لندن (پی اے) لیبر لیڈر سر کیئر سٹارمر کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی شک نہیں کہ عوام سابق ایس این پی ایم پی مارگریٹ فریئر سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے، اگر ان کے اس حلقے کیلئے ری کال پیشن آتی ہے، جس کے نتیجے میں ضمنی انتخاب ہو سکتا ہے۔ مس مارگریٹ فیریئر کو کورونا وائرس کوویڈ پینڈامک کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر ہاؤس آف کامنز سے 30 دن کی مجوزہ معطلی کا سامنا ہے۔ ایک انڈی پینڈنٹ پینل نے مجوزہ معطلی کے خلاف مارگریٹ فریئر کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد ان کی معطلی پر اب کامنز میں ووٹنگ ہونا ہے۔ اس نشست پر ایس این پی کی 2019 میں کامیابی سے قبل لیبرپارٹی کا قبضہ تھا، جو اب انڈی پینڈنٹ ایم پی کے رودرگلن اینڈ ہیملٹن ویسٹ حلقے میں سرگرمی سے مہم چلا رہی ہے۔ پارٹی نے کسی بھی ممکنہ مقابلے میں اپنے امیدوار کیلئے ایک ٹیچر مائیکل شینکس کا انتخاب کیا ہے اور اس سے قبل حالیہ ہفتوں میں وہاں کمپین چلانے کیلئے سکاٹش لیڈر انس سرور اور ان کی نائب جیکی بیلی کو تعینات کیا ہے۔ جمعہ کو مسٹر انس سرور کے ساتھ اس نشست پر انتخابی مہم چلاتے ہوئے لیبر لیڈر سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بہت جلد ان کے کیس پر ووٹنگ ہوگی اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ ری کال پٹیشن کی جائے گی۔ مجھے اس میں ذرہ برابر بھی شک نہیں ہے۔ میں یہاں رودرگلن میں لوگوں سے بات کر رہا ہوں کہ اگر یہاں ضمنی انتخاب ہوتا ہے تو پھر ہمارے پاس مائیکل شینکس متبادل ہو سکتا ہے جو اس حلقے کیلئے لیبر کی ایک طاقت ور آواز اور ویسٹ منسٹر پارلیمنٹ میں اس حلقے کی نمائندگی کیلئے بہترین ثابت ہوں گے اور رودرگلن کے حلقے اور مضبوط سکاٹ لینڈ کیلئے کیس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں حقیقی معنوں میں یہاں کے عوام مایوس ہیں اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ لیبر لیڈر سر سٹارمر نے مسٹر شینکس کو ایک بہترین امیدوار قرار دیا اور کہا کہ وہ لیبر کیلئے انتخابی مہم چلانے کیلئے انتظار کر رہے ہیں۔ مس مارگریٹ فریئر کو کورونا وائرس کوویڈ رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے عوام کو انفیکشن، بیماری اور موت کے خطرے سے دوچار کرنے کا قصوروار پایا گیا تھا اور بعد ازاں کامنز سٹینڈرڈز کمیٹی نے ایوان سے ان کی 30 دن کی معطلی کی سفارش کی تھی۔ اس مجوزہ معطلی پر ان کی اپیل مسترد کر دی گئی اس پر ووٹنگ جمعرات کو ہونی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے اسے اراکین پارلیمنٹ کے سامنے لانے کی تحریک پیش نہیں کی گئی۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ کامنز میں اس پر ووٹنگ کیلئے اراکین پارلیمنٹ کی مطلوبہ تعداد موجود نہ ہونے کے خدشات تھے۔ اگلے ہفتے ویسٹ منسٹر میں چھٹی ہے اور اس کیلئے آرڈر پیپر پر ووٹ جلد از جلد 5 جون کو واپس آسکتا ہے۔ اگر مس مارگریٹ فریئر کی معطلی منظور ہو جاتی ہے تو اس کے نتیجے میں سکاٹ لینڈ میں پہلی ری کال پٹیشن شروع ہو جائے گی، جس کے ساتھ ہی اس حلقے کے لوگوں کو ضمنی انتخاب کا مطالبہ کرنے کا موقع دیا جائے گا، اگر اس دستاویز پر 10 فیصد دستخط ہو جائیں۔ اس سے قبل ایک عدالت کی جانب سے مس فریئر کو پہلے ہی ایک آفنس پر 270 گھنٹے کا کمیونٹی پے بیک آرڈر مکمل کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔

یورپ سے سے مزید