• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت، 2 گریڈ کے ملازمین کی 14 میں خلاف ضابطہ ترقیاں

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے 2گریڈ کے ملازم کی 14 گریڈ تک خلاف ضابطہ ترقیوں پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سروسز اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت سندھ نے 4مئی کو ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے ساتھ شکایتی درخواست منسلک کرکے سروسز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ 14 گریڈ کے آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن عاشق حسین ولد علی عبداللہ کی ابتدائی تعیناتی سے لیکر حال تک سروس ریکارڈ چیک کیا جائے اور قوانین کے مطابق کاروائی کرکے محکمہ کو آگاہ کیا جائے۔ درخواست کے ہمراہ 19 صفحات پر مبنی دستاویزات منسلک ہیں جن میں عاشق علی کی تعیناتی سے حال تک کے تمام آڈر منسلک ہیں۔ درخواست کے مطابق عاشق حسین 2 گریڈ میں وارڈ سرونٹ بھرتی ہوئے، پھر خلاف ضابطہ 5 گریڈ میں او ٹی اسسٹنٹ پھر 9 گریڈ میں آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن پھر گریڈ 12 میں اسٹیورڈ تعینات ہوگئے اور پھر 14 گریڈ میں ترقی پاکر آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن بن گئے۔ سابق سیکریٹری صحت نے 8 مارچ 2021 کو ایک آڈر نکالا جس میں عاشق حسین کو وارڈ سرونٹ لکھا گیا جوٹی ٹیکشن کے عہدے پر کام کررہے ہیں اور ان کا شہید بینظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری تبادلہ کیا گیا لیکن بعد ازاں اس آڈر کو واپس لے لیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عاشق حسین وارڈ سرونٹ تعینات ہوئے اور خلاف ضابطہ ترقیاں پاکر او ٹی ٹیکنیشن بن گئے ۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری رہائش گاہ میں رہتے ہوئے عاشق حسین نے 2001 سے آج تک ہاؤس رینٹ نہیں کٹوایا ۔ 4 مئی کے بعد محکمہ صحت نے 24 مئی کو اسی اعلامیے کا ریمائنڈر نکال کر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو تحقیقات و دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ سروسز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید خالد بخاری کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید