• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا عمران خان کو بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی؟


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق کرکٹر عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ سے اداکاری کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا تھا۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر عالمی شہرت یافتہ سابق کرکٹر عمران خان کے ماضی کے ایک انٹرویو کی ویڈیو خوب گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نجی بھارتی چینل کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہیں۔

اس پروگرام میں میزبان اور حاضرین نے عمران خان سے دلچسپ سوال پوچھے۔ اس دوران پروگرام میں شریک ایک خاتون نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا کبھی انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کی آفر ہوئی؟

جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ آپ یقین نہیں کریں گے لیکن مجھے ایک معروف بھارتی اداکار کی جانب سے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

شو میں موجود حاضرین نے عمران خان پر زور دیا کہ وہ اس اداکار کا نام بتائیں، تو عمران خان نے کہا کہ وہ اس لیے نام نہیں لینا چاہتے کیونکہ یہ اس اداکار کے لیے شرمندگی کا باعث ہو سکتا ہے۔

حاضرین اور میزبان کے اصرار پر انہوں نے بھارتی لیجنڈ اداکار دیو آنند کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عجیب بات تھی کہ ایک کرکٹر، ایک اداکار کیسے بن سکتا ہے، میں نے اسکول میں بھی کبھی اداکاری نہیں کی۔

عمران خان نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں اسماعیل مرچنٹ نے بھی فلم میں کام کرنےکی پیشکش کی تھی، جو ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید