پاکستان تحریک انصاف فرانس کی جانب سے پیرس کے مقامی ہوٹل میں پارٹی چیئرمین عمران خان سمیت پارٹی کے اسیر رہنماؤں اور کارکنان سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما یاسر قدیر نے عمران خان اور اسیر رہنماؤں و پارٹی کارکنان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تقریب سے خطاب کیا اور عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
تقریب میں مقامی پارٹی رہنماؤں، خواتین اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور عمران خان کی قیادت پر اعتماد ظاہر کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما یاسر قدیر کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھویشن یادیو کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوا جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ امپورٹڈ حکومت روا رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے مگر کچھ عناصر پی ٹی آئی اور عوام کو آپس میں لڑا کر گھناؤنی سازش کررہے ہیں جو اپنے مقصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔
خطاب کرتے ہوئے چوہدری گلزار لنگڑیال کا کہنا تھا کہ لاہور کور کمانڈر ہاؤس سمیت حساس تنصیبات پر حملہ قابل مذمت ہے مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سخت سیکیورٹی کے باوجود حملے کو ناکام کیوں نہیں بنایا گیا؟ وہ کون لوگ تھے جو ہدایات جاری کررہے تھے ؟
میاں ذوالفقار جتالہ نے دوران خطاب حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جو مرضی حربہ آزما لے عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت و لگن کو ختم نہیں کرسکتی۔
انہوں نے سانحہ 9 مئی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بے گناہوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا وہ کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے، آج بھی عمران خان کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی عمران خان کے ساتھ رہیں گے جو لوگ تحریک انصاف کو چھوڑ کرجارہے ہیں وہ مجبور تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین، جن میں عبدالرحمان تارڑ، انعام اللہ خان، عارف مصطفائی، ناصرہ فاروقی ، آصفہ ہاشمی اور دیگر شامل ہیں، نے بھی عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
مقررین نے کارکنان کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ گھبرائیں نہیں پارٹی پر مشکل وقت ضرور ہے مگر وہ مایوس نہ ہوں جلد اچھے دن دوبارہ آئیں گے۔
تقریب کے آخر میں پارٹی کارکنان نے عمران خان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے بھی لگائے۔