کے۔ الیکٹرک کے ترجمان نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ ویب سائٹ پر دیئے گئے شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ روزنامہ جنگ کے ویب پیج پر 31 مئی بروز بدھ کو ٹیپو سلطان روڈ پر بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج و دھرنے سے متعلق خبر شائع کی گئی تھی۔
ترجمان کے۔ الیکٹرک نے مذکورہ خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیپو سلطان روڈ پر بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کے۔ الیکٹرک کی ویب سائٹ پر دیئے گئے شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے۔
ترجمان کے۔ الیکٹرک کا کہنا ہے کہ علاقائی فالٹس، بلوں کی عدم ادائیگی اور ٹیکنیکل وجوہ کی بنیاد پر بجلی کی بندش کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا درست نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا انحصار بجلی کی چوری اور نقصانات کی شرح پر ہے۔ بلوں کی بروقت ادائیگی لوڈ شیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوں کی بر وقت ادائیگی اور بجلی چوری کے خلاف تعاون کریں تاکہ بجلی فراہمی میں بہتری آسکے۔
علاقائی فالٹس کی درستگی کے لیے یا کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں صارفین کے ای کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو اَیپ، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ سیلف سروس پورٹل 24/7 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔