• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

55 ارب ڈالرز کما کر ایلون مسک پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

نیو یارک (نیوزڈیسک)ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں مسلسل کمی کے باعث 31مئی کی شب ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک اس وقت 192ارب ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ برنارڈ آرنلٹ کے اثاثوں کی مالیت 187ارب ڈالرز ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔خیال رہے کہ دسمبر 2022میں برنارڈ آرنلٹ نے ایلون مسک کو پیچھے چھوڑا تھا اور مئی 2023کے اختتام تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے۔ فروری 2023کے اختتام پر بھی ایلون مسک نے فرانس کے برنارڈ آرنلٹ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔مگر 48گھنٹوں کے اندر ہی وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے سے دوسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ برنارڈ آرنلٹ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔گزشتہ 2 ماہ کے دوران برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں 20ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی آئی ہے۔انکی دولت میں آنے والی کمی کیوجہ امریکی معاشی صورتحال بنی ہے جس کے باعث خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ پرتعیش اشیا کی طلب میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔دوسری جانب ایلون مسک نے 2023کے 5ماہ کے دوران اپنی دولت میں 55.3ارب ڈالرز کا اضافہ کیا ہے جو دسمبر 2022کے اختتام پر 137ارب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔رواں سال کے دوران ٹیسلا کے حصص کی مقدار میں 66فیصد اضافہ ہوا اور ایلون مسک کی دولت میں 71فیصد اضافہ اسی کے باعث ہوا۔2022 میں ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں مختلف وجوہات کے باعث 65فیصد سے زیادہ کمی آئی تھی جس کے نتیجے میں ایلون مسک کی دولت میں ریکارڈ کمی آئی تھی۔ایلون مسک جنوری 2021سے دسمبر 2022تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے تھے۔
یورپ سے سے مزید