• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار چرن جیوی نے کینسر میں مبتلا ہونے سے متعلق خبروں کو افواہ قرار دے دیا اور کہا کہ بروقت ٹیسٹ نہ کرواتا تو کینسر ہوسکتا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چرن جیوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خود کو کینسر ہونے کی خبروں پر وضاحت جاری کردی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں باقاعدگی سے ٹیسٹ کرواتا ہوں، نان کینسر پالیپس تشخیص ہوئے جنہیں نکال دیا گیا ہے۔

چرن جیوی کو کینسر تشخیص ہونے کی خبروں پر اُن کے مداح پریشان ہوگئے تھے، جس کے باعث اداکار کو خود ہی وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ میڈیکل ٹیسٹ کرواتے رہنے سے کینسر سے بچا جاسکتا ہے، میں چوکنا تھا، اسی لیے بڑی آنت کا اسکوپ ٹیسٹ کرایا، جس میں غیر کینسر پولیپس کا پتا چلا، جنہیں نکال دیا گیا ہے۔

چرن جیوی نے مزید کہا کہ میں صرف اتنا کہتا ہوں کہ اگر میں بروقت ٹیسٹ نہ کرواتا تو کینسر ہوسکتا تھا۔

بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ میڈیا میں آیا کہ مجھے کینسر ہوگیا، میں زیر علاج ہوں، اس نوعیت کی خبروں سے کنفیوژن پیدا ہوئی، کئی مداحوں نے مجھے صحت سے متعلق پیغامات ارسال کیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا یہی وجہ ہے کہ میں خود وضاحت کررہا ہوں، بس گزارش ہے کسی موضوع کو سمجھے بغیر کچھ بھی نہ لکھیں کیونکہ اس سے لوگ دلبرداشتہ ہوجاتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید