• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین کی آبادی 5 کروڑ سے کم ہو کر 2 کروڑ 90 لاکھ رہ گئی

کیف(نیوزڈیسک)یوکرین کی آبادی 32سال میں5کروڑ 20لاکھ سے کم ہو کر 2کروڑ 90لاکھ رہ گئی۔ روسی ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق یہ بات یوکرینین انسٹی ٹیوٹ فار فیوچر نامی تھنک ٹینک کی طرف سے جاری رپور ٹ میں بتائی گئی۔رپورٹ میں ملکی آبادی میں تیزی سے کمی کے رجحان پر تشویش کااظہار کیا گیا ۔ 1991میں سابق سوویت یونین سے آزادی کے وقت یوکرین کی آبادی 5کروڑ 20لاکھ تھی۔رپورٹ کے مطابق روس کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد 2کروڑ 7لاکھ یوکرینی شہری ملک چھوڑ گئے تھے جن میں سے کچھ واپس آچکے ہیں لیکن 86 لاکھ تاحال واپس نہیں آئے اور زیادہ امکان یہ ہے کہ یہ لوگ مستقل طور پر یوکرین چھوڑ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں شرح پیدائش بھی بہت کم رہ گئی ہے۔یوکرین میں کمائی کرنے والے شہریوں کی تعداد اس وقت 90لاکھ کے قریب ہے اور آئندہ صرف چند سال میں یوکرین میں کام کرنے والے شہریوں میں سے دو تہائی ریٹائر ہو جائیں گے جس کے نتیجہ میں ملک کی جی ڈی پی میں شدید کمی ہو جائے گی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال شروع ہونے والی جنگ میں مارے جانے والے یوکرینی شہریوں کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ الحاق کرنے والے علاقوں کی آبادی بھی ملکی آبادی میں تیزی سے کمی کا ایک بڑا سبب ہے۔
یورپ سے سے مزید