ایک چمکیلی مسکراہٹ نہ صرف دکھنے میں پر کشش لگتی ہے بلکہ آپ کے منہ کی صحت اور عمومی خیریت کی عکاس ہوتی ہے۔ ایک ڈینٹسٹ ہونے کے ناطے یہ میرا ذاتی مشاہدہ ہے کہ دانتوں کی اچھی صحت کسی کے بھی معیارِ زندگی پر گہرا اثر مرتب کرتی ہے۔ دانتوں کی صحت کا ہماری صحت پر بڑا اثر پڑتا ہے۔ لیکن اس کے لیے صرف برش کرنا کافی نہیں ہوتا۔
ڈینٹسٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دانتوں کی دیکھ بھال کی جاسکتی ہے، جس سے کیڑا لگنے سے بچا جا سکتا ہے، اگر ہم صحیح طر ح سے دانتوں کی دیکھ بھال نہیں کریں گے تو دانت اور مسوڑھے خراب ہونے لگیں گے ۔ اس مضمون میں ہم دانتوں کی صحت کا خیال رکھنے اور ان کو صاف رکھنے کے متعدد نکات کے بارے میں بتا رہے ہیں۔
مجموعی صحت کا راستہ
ہمارا منہ ہمارے پورے جسم کے لیے ایک راہداری کا کام کرتا ہے اور اس کی صحت ہماری مکمل صحت پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ منہ کی بری صحت اور عدم صفائی سے بہت سے دیگر امراض منسلک ہیں، جن میں امراضِ قلب اور نظامِ گردشِ خون، ذیابیطس، نظامِ تنفس کے امراض، حتی کہ حمل کی پیچیدگیاں بھی شامل ہیں۔ دانتوں کی اچھی صحت برقرار رکھنے سے ہم کئی بیماریوں کے اندیشوں کو کم کر سکتے ہیں۔
دانتوں کی صحت کی بنیاد
دانتوں کا باقاعدہ معائنہ اور ان کی صفائی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری ہیں، قبل اس کے کہ وہ پیچیدہ صورت اختیار کریں۔ اگر آپ کے دانت میں کیڑا لگ رہا ہے ،مسوڑھوں کے مسائل ہیں یا آپ کو کوئی اور دانتوں کی بیماری ہو رہی ہے تو اس کا بر وقت علاج کروائیں۔ اس کی صحت کی حفاظت پر زور دینے سے لوگوں میں اپنے منہ کی صحت کی ذمہ داری لینے کا شعور بیدار ہوتا ہے، جس سے بعد میں ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے مہنگے اور طویل علاج سے بچت ممکن ہے۔
برشنگ اور خلال (فلوسنگ)
منہ کی صحت برقرار رکھنا دانت مانجھنے اور خلال کرنے کی بنیادی روایت سے ماورا ہے۔ اگرچہ یہ مشقیں اپنے مقام پر بے انتہا ضروری ہیں، لیکن ان میں اضافی اقدامات شامل کرنا آپ کے دانتوں کی صحت میں گراں قدر بہتری لا سکتا ہے۔ ماؤتھ واش، زبان کی صفائی اور دانتوں کے مابین صفائی کے لیے واٹر فلوس کا باقاعدہ استعمال دانتوں سے پلاق اور کیڑوں کا خاتمہ کرتا ہے، جس سے دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت مزید اُبھرتی ہے۔
دانتوں کی صحت پر غذائیت کا اثر
ایک متوازن غذا منہ کی عمدہ صحت برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ پھل، سبزی، گوشت اور دودھ سے کشید کی گئی چیزوں پہ مبنی غذا کا استعمال وہ تمام اجزاء فراہم کرتا ہے جو دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت کے لیے ضروری ہیں۔ میٹھا، تیزابی خوراک، تمباکو اور الکوحل سے اجتناب دانتوں اور مسوڑھوں کی بیماری اور سرطان سے بچاؤ کا سبب بنتی ہے ۔ صحت کے عمومی فوائد کے علاوہ دانتوں کی اچھی صحت خود اعتمادی میں اضافہ کرتی ہے۔
دن میں دوبار برش کریں
ڈینٹسٹ کا کہنا ہے کہ دن میں دو بار دو منٹ کے لیے دانت برش کرنا آپ کے دانت کو صحت مند رکھے گا۔ فلورائڈ ٹوتھ پیسٹ اور نرم برش کا استعمال کریں۔ اس سے آپ کے منہ سے کھانے کے ذرّات اور بیکٹیریا صاف ہوتے ہیں۔ برش کرنے سے ان میں پھنسے ریشے بھی نکل جاتے ہیں جو آپ کے دانتوں کو کھا جاتے ہیں اور کیویٹیز کا سبب بنتے ہیں۔
صبح برش کرنا سانس کے لیے خوشگوار
رات کو کھانے کے بعد دانتوں میں ذرّات اور بیکٹیریا بھرے ہوئے ہوتے ہیں۔ ان سے پلاک پیدا ہوتے ہیں۔ یہ آپ کے دانتوں کو سخت کرتا ہے، ٹارٹر بناتا ہے، جسے’’ حسابان‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ نہ صرف ٹارٹر آپ کے مسوڑوں میں جلن پیدا کرتا ہے،بلکہ یہ مسوڑھوں کی بیماری اور سانس کی بدبو کا سبب بھی بنتا ہے۔ رات بھر ہونے والے پلاک سے بچنے کے لیے صبح برش لازمی کریں ۔
دباؤ کے ساتھ برش نہ کریں
بہت سخت دباؤ کے ساتھ برش کرنا نقصان دہ ہوتا ہے۔ اپنے دانت کو آہستہ آہستہ برش کریں۔ اگر آپ کا ٹوتھ برش سخت ہوگا توکرتے وقت آپ کو بہت زیادہ دبائو ڈالنا پڑے گا،جس کی وجہ سےان کا اینمل خراب ہوسکتا ہےاینمل اتنا مضبوط ہوتا ہے کہ یہ آپ کے منہ کے اندر کے نقصان سے بچا سکتا ہے، کھانے پینے سے لے کر ہاضمہ کا عمل شروع کرنے تک یہ کام کرتا ہے۔ بچوں اور نوعمر میں بڑوں کے مقابلے میں نرم اینمل ہوتا ہے ،جس کی وجہ سے ان کے دانت کھانے پینے سے کیویٹیز اور کٹاؤ کا زیادہ شکار ہوجاتے ہیں۔
مسوڑھوں کی بیماری
مسوڑھوں کامرض مسوڑوں کا انفیکشن ہے ،جس کی وجہ سے ان میں سوجن پیدا ہوتی ہے اور وہ سرخ ہو جاتے ہیں۔ اس سے دانت ٹوٹ سکتے ہیں اور صحت سے متعلق دیگر مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ مسوڑھوں کی بیماری کے خطرے کے عوامل میں باقاعدگی سے برش یا خالل نہ کرنا، تمباکو استعمال کرنا، یا صحت کے مسائل جیسے ذیابیطس کا ہونا بھی شامل ہے۔
علامات
٭… سرخ، سوجن یا مسوڑھوں کا نرم ہونا
٭… برش، خالل کرنے یاکھانے کے دوران خون کا بہنا
٭… چباتے وقت درداور ٹھنڈی چیزوں سے حساسیت
٭… ڈھیلے دانت یا مسوڑھے جنہیں دانتوں سے نکال دیاگیا ہو
٭… سانس کی بدبو یا براذائقہ جو ختم نہ ہوتا ہو۔