• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی وزیرخارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

نیویارک /ریاض(نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن 3روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ائرپورٹ پر امریکی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انتھونی بلنکن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں اسرائیل اور ایران کے ساتھ سعودی تعلقات، روس یوکرین جنگ پر موقف اور تیل کی پیداوار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ میں استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔ میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران یمن میں قیام امن پر اتفاق کیا گیا،جہاں سعودی اتحادی فوج اور حوثی باغی 2014 سے ایک دوسرے کے خلاف مسلح اور خونی جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے بھی 7 مئی کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور ان دوروں کا مقصد اسرائیل سعودی تعلقات کی بحالی میں کردار ادا کرنا ہے۔حال ہی میں سعودی عرب نے تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے،جس پر امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات میں کشیدگی آئی ہے۔
یورپ سے سے مزید