• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اس وقت جس صورت حال سے دوچار ہیں ، اس سے انہیں کیسے نکلنا چاہئے ؟ بنیادی طور پر یہ سوال خود عمران خان کا ہے ہی نہیں ۔ یہ سوال عمران خان کے ان چند ساتھیوں کا ہے ، جو ابھی تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں یا پھر ان کے ہمدرد کچھ ’’ دانشوروں ‘‘ کا ہے ، جو عمران خان اور ان کے حامی جذباتی ہجوم سے قدرے مختلف اور سیاسی انداز میں سوچتے ہیں ۔ جس طرح کچھ حلقے ان کیلئے پریشان ہو رہے ہیں ، اسی طرح کی کوئی پریشانی عمران کے اب تک کے بیانات میں نظر نہیں آئی ۔

عمران خان کے ساتھیوں نے انہیں یقیناًیہ مشورہ دیا ہو گا کہ 9مئی 2023ء کے واقعات کے بعد حالات ان کے حق میں نہیں رہے ۔ لہٰذا وہ سیاسی تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مفاہمت کا راستہ اختیار کریں ، اپنی پارٹی اور اپنے سیاسی مستقبل کو بچانےکیلئے اپنے رویے میں لچک کا مظاہرہ کریں لیکن یوں محسوس ہوتا ہے کہ عمران خان نے ان کا مشورہ نہیں مانا ۔ یہ بھی خبریں آئی ہیں کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ہے ۔ خبروں کے مطابق شاہ محمود قریشی نے شاید اسی طرح کا مشورہ دیا ، جس پر عمران خان نے برہمی کا اظہار کیا ۔ کچھ سیاسی تجزیہ کار اپنے ٹی وی شوز اور اپنے کالموں کے ذریعےبھی عمران خان کو مشورے دیتے رہتے ہیں کہ وہ تھوڑا اپنے بیانیے پر کنٹرول کریں اور 9مئی کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا ادراک کریں ۔ ان سیاسی تجزیہ کاروں کے خیال میںپاکستان تحریک انصاف ایک تیسری اوربڑی سیاسی پارٹی کے طور پر سامنے آئی تھی ، جس کو پاکستان کے عوام کی بڑی حمایت حاصل ہوئی ۔ یہ پارٹی عوام کیلئے ایک امید ہے ۔ اس پارٹی کو بچا لینا ضروری ہے ۔ مگر ایسے مشوروں کے بعد عمران خان کا جو ویڈیو بیان ریلیز ہوتا ہے ، اس میں وہ بین السطور یہ پیغام دے رہے ہوتے ہیں کہ یہ لوگ اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں ۔ عمران خان کے بقول وہ ظلم کے اس نظام کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے ۔

بعض لوگ عمران خان کے اس رویے کو ہٹ دھرمی سے تعبیر کرتے ہیں اور بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ان میں سیاسی وژن نہیں ہے ۔ حقیقت کیا ہے ؟ عمران خان دراصل ایک ’’ پاپولسٹ ‘‘ لیڈر ہیں اور ان میں پاپولسٹ لیڈر ہونے کی تمام تر خصوصیات موجود ہیں۔ اگر تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو دنیا میں جتنے بھی پاپولسٹ لیڈر گزرے ہیں ، وہ عمران خان کی طرح ہی تھے ۔ پاپولزم کی سیاست کا تقاضا ہی یہی ہے کہ لیڈر وہ بات کرے ، جو لوگ سننا چاہتے ہیں ۔ اس سے عوام کی حمایت حاصل ہو جاتی ہے اور اسی عوامی حمایت کی بنیاد پر لیڈر اپنے سیاسی اہداف حاصل کرتا ہے ۔ پاپولسٹ لیڈر زیادہ گہرائی سے نہیں سوچتا ۔ یہی وجہ ہے کہ پاپولزم کی سیاست ایک طوفانی لہر کی طرح ہوتی ہے ، جو اٹھتی ہے اور پھر غائب ہو جاتی ہے۔یہ سیاست صرف نقصان ہی دیتی ہے۔تاریخ میں زیادہ تر پاپولسٹ لیڈر ایک اسٹیج پر پہنچ کر ڈیما گوگ (Demagogue ) ہو جاتے ہیں ۔ یہ پاپولسٹ کا اگلا درجہ ہے ۔ ایسے لیڈر عوام کو شخصیت پرستی کا شکار کرکے خود پرستی میں مست ہو جاتے ہیں ۔ وہ صرف عوام کے جذبات بھڑکاتے ہیں ۔ نہ خود دلیل سے بات کرتے ہیں اور نہ کوئی دلیل سنتے ہیں۔

9 مئی 2023ء کوجب عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ان کے پارٹی کارکنوں نے زیادہ تر فوجی تنصیبات کے قریب احتجاج کیا ۔ یہ کوئی اتفاق نہیں ہے ۔ 9مئی سے پہلے عمران خان کے بیانات میں ہمیشہ یہ پیغام دیا گیا کہ ان کی حکومت کو فوج نے ہٹایا ۔ اب فوج ان کی مخالف سیاسی جماعتوں کی قیادت کو سپورٹ کر رہی ہے ، جو عمران خان کے نزدیک چور اور ڈاکو ہیں ۔ عمران خان کہتے رہے کہ فوج ان کی حمایت کرے کیونکہ وہی ملک کو تباہی سے بچا سکتے ہیں ۔ اگر ملک مزید تباہ ہوا تو ذمہ دار فوج ہو گی ۔ یہ بالکل وہی بیانیہ تھا ، جو ریٹائرڈ فوجی افسران کی تنظیم ایکس سروس مین سوسائٹی کے لوگوں نے اس وقت اختیار کیا تھا ، جب عمران خان کی حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا تھا ۔ ایکس سروس مین سوسائٹی کے لوگ بہت غصے میں تھے ۔ اس وقت کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے ان لوگوں کے پاس گئے اور انہیں ملکی اور عالمی حالات کے تناظر میں کچھ باتیں سمجھانے کی کوشش کی لیکن ان لوگوں کا غصہ کم نہ ہوا۔اس سے بعض حلقوں نے یہ تاثر پیدا کیا کہ فوج کے اندر عمران خان کی بہت بڑی حمایت ہے، حالانکہ ریٹائرڈ فوجیوں کا موقف فوج کا موقف نہیں ہوتا ۔ پاپولسٹ لیڈر شارٹ کٹ چاہتا ہے اور وہ اپنے حق میں بات کو اٹل حقیقت تصور کر لیتا ہے ۔ پاپولسٹ لیڈر خود فریبی کا بھی شکار ہوتا ہے اور اپنے پروپیگنڈے کے جال میں خود پھنسنا بھی پسند کرتا ہے ۔

2010ء میں مشرق ِوسطیٰ میں جو انتشار پیدا ہوا ، اس میں دنیا نے یہی دیکھا کہ ان ملکوں کی افواج نے پاپولسٹ لیڈرکا ساتھ دیا اور اس کا جواز یہ بتایا کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑی ہیں ۔ شاید عمران خان کو بھی غیر سیاسی مثالیت پسند لوگوں نے یہ بتایا ہو گا کہ آپ عوامی دباو بڑھائیں تاکہ فوج آپ کی حمایت کرے ، جو بعض عرب ممالک میں کیاگیا ۔ ان لوگوں نے عمران خان کو یہ نہیں بتایا کہ یہ ممالک اب تک تباہی اور انتشار کا شکار ہیں ۔

قصہ مختصر، عمران سیاست دان نہیں،پاپولسٹ لیڈر ہیں ۔ ان کے ساتھ اور ان کی پارٹی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ، وہ ہر پاپولسٹ لیڈر اوراس کی پارٹی کے ساتھ ہوا ہے ۔ یہ عمران خان کی سیاسی اپروچ نہ ہونے کا منطقی نتیجہ ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح پارٹی کو توڑنا اور نئی پارٹی بنانا بھی سیاسی عمل نہیں ہے ۔ اس سے پاکستان میں سیاست اور جمہوریت دونوں کمزور ہوں گی۔عمران خان کو جن قوتوں نے پاپولسٹ لیڈر بنایا ، ان قوتوں کے ردِعمل کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے ۔ پاپولزم کی سیاست مسئلہ ہوتی ہے اور مسئلہ رہتی ہے ۔ اس کا پاپولسٹ اپروچ سے نہیں، سیاسی اپروچ سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین