کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے مرتضیٰ وہاب کی میئر کراچی کی حیثیت سے تقرری کے نوٹیفیکیشن کیخلاف درخواست حافظ نعیم الرحمان کی درخواست کیساتھ منسلک کردی۔ جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس محمد عبد الرحمان پر مشتمل بینچ درخواست کی سماعت کی۔ درخواست کے قابل سماعت ہونے پر عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ ایسی ہی درخواست حافظ نعیم الرحمان کی ہے جو پہلے ہی زیر التواء ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کو الیکشن لڑنے کیلئے جو قانون بنایا گیا وہ آئین سے متصادم ہے۔یہ قانون 12مئی کو منظور ہوگیا جبکہ بل 15مئی کو تیار ہوا۔ یہ واضح طور پر بدنیتی پر مبنی قانون ہے، بدنیتی ریکارڈ پر پیش کردی گئی ہے۔