بنگلورو (جنگ نیوز) ساف چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے 0-4سے ہرادیا۔ بھارت کے سنیل چھیتری نے ہیٹ ٹرک کی۔ پاکستانی ٹیم کے بھارت پہنچنے کے صرف 12 گھنٹوں کے اندر مقابلہ ہوا۔ میچ کے دسویں منٹ میں گول کیپر ثاقب حنیف کی غلطی کا بھارتی کپتان نے فائدہ اٹھایا اور گول کردیا، چھ منٹ بعد ہی بھارت کو پنالٹی ملی اس بار بھی سنیل چھیتری نے گول کیا ۔ انہوں نے 74ویں منٹ میں پنالٹی پر اپنا اور ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ 81ویں منٹ میں اودانتا سنگھ نے گیند کو جال میں پہنچاکر اسکور چار صفر کردیا۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل سائیڈ لائن پر بھارتی کوچ نے پاکستانی کھلاڑی کو گیند تھرو کرنے سے روکا جس کی پاداش میں انہیں ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا دیا۔