کراچی(اسٹاف رپورٹر) مچل اسٹارک کی ایک اور میچ وننگ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔مائیکل نیسر نے پانچ شکار کیے۔فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے دوسری اننگز میں دو اور پہلی اننگز میں75 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں اور75رنز بھی بنائے۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پرتھ ٹیسٹ میں دس وکٹیں لے کر مچل اسٹارک پلیئر آف دی میچ بنے تھے۔ اتوار کو وولن گابا میں ٹیسٹ میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہو گیا ۔ آسٹریلیا نے 65 رنز کا آسان ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ میزبان کپتان اسٹیون اسمتھ نے 23 رنز ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ ٹریوس ہیڈ نے 22 اور جیک ویتھرڈ نے 17 رنز کی اننگز کھیلیں۔ دونوں وکٹیں آکٹنسن نے حاصل کیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم چوتھے روز دوسرے سیشن میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی ۔ انگلش کپتان بین اسٹوکس 50 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے تھے جب کہ زیک کرولی 44 اور ول جیکس 41 رنز بنا کر دوسرے نمایاں رہے۔ انگلینڈ نے پانچ کیچ ڈراپ کئے جبکہ آسٹریلوی فیلڈروں نے غیر معمولی کیچ لئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جو روٹ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 334 رنز بنائے تھے۔ جواب میں کینگروز ٹیم نے 511 رنز بنا کر 177 رنز کی قیمتی برتری حاصل کی تھی۔ تیسرا ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔