برسبین (جنگ نیوز)ایشز سیریز کے دوسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 8 وکٹوں کی شاندار شکست کے بعد انگلش کپتان بین اسٹوکس نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مائیکل نیسر کی کیریئر کی بہترین بولنگ (42/5) کی بدولت آسٹریلیا نے صرف 65 رنز کا ہدف باآسانی پورا کرتے ہوئے سیریز میں 2-0 کی واضح برتری حاصل کرلی ہے۔اگرچہ یہ شکست پرتھ کے پہلے ٹیسٹ جتنی شرمناک نہیں تھی، تاہم انگلینڈ کو ہر شعبے میں شکست ہوئی۔ بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹیم کا مسئلہ صلاحیت نہیں بلکہ ذہنی ہے، وہ اہم لمحات سے فائدہ نہیں اٹھا پاتی۔ ہمیں اپنی ذہنیت پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔اسٹوکس نے واضح اور سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ، ہم یہاں بہت کہتے ہیں آسٹریلیا کمزور لوگوں کے لیے نہیں ہے، اور جس ڈریسنگ روم کا میں کپتان ہوں وہاں بھی کمزور کھلاڑیوں کی جگہ نہیں ہے۔ اسٹوکس نے کہا کہ جب مقابلہ گردن تک ہوتا ہے تو ہم مطلوبہ مواقع پر آگے نہیں نکل پاتے اور ہار جاتے ہیں۔ آسٹریلیا اب آسانی سے ایشز ٹائٹل برقرار رکھنے کیلئے فیورٹ دکھائی دے رہا ہے۔