• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

63 ارب 12 کروڑ روپے میں 50 سال کیلئے کراچی کنٹینر ٹرمینل کا کنٹرول، ابوظبی پورٹ گروپ کے حوالے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ابوظبی پورٹ گروپ نے کراچی پورٹ پر کنٹینر ٹرمینل کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔

کے پی ٹی اورابوظبی پورٹس گروپ کے درمیان معاہدے کی مدت 50 سال ہے۔

معاہدے کے تحت ابوظبی پورٹس گروپ ٹرمینل میں22 کروڑ ڈالر (63ارب 12کروڑ پاکستانی روپے)کی سرمایہ کاری کرے گا، جمعرات کو گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کا افتتاح کیا ۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ پر منعقد تقریب میں ابوظہبی پورٹس گروپ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان معاہدہ پر دستخط بھی کئے گئے۔

سی ای ا و جمعہ شمسی اور چیئر مین کے پی ٹی سید سیدین رضا نے دستخط کئے ۔

 تقریب میں وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور متحدہ عرب امارات کے سفیر، قونصل جنرل، متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی سہیل محمد المزروئے،وزیر سرمایہ کاری ڈاکٹر تھانی بن الزوادی ،،کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین سید سیدین رضا ، ابو ظہبی گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جمعہ شمسی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ ابو ظہبی پورٹس گروپ آپریٹ اور ڈیولپ کرے گا۔

وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری نے کہا کہ کسی ملازم کو بیروزگار نہیں ہونے دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ابو ظہبی پورٹس گروپ اسے منیج، آپریٹ اور ڈیویلپ کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ کی رائلٹی میں 12.5فیصد تک اضافہ متوقع ہے ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسرجمعہ شمسی نے کہا کہ یہ ٹرمینل علاقائی ہی نہیں ریجنل اور گلوبل بزنس کیلئے بھی اہم ثابت ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک یو اے ای باہمی تجارت 2022 میں 9.3 ارب ڈالرز تھی اس ٹرمینل سے اس میں مزید اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مشرق وسطی میں یو اے ای پاکستان کا سب سے بڑا شراکت دار ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریلو ے اور ڈیجیٹل نیٹ ورک پر سرمایہ کاری کریں گے ۔

اہم خبریں سے مزید