• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں کرکٹرز کی سلامتی، سیکیورٹی وفد، ہائی کمیشن کی رائے اہم

کراچی (عبدالماجدبھٹی) کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی سلامتی حکومت اور بورڈ کیلئےاہم ترین ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سیکیورٹی وفد کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ حکومت پاکستان نے کرنا ہے۔ وفد میں کون کون بھارت جائے گا یہ بھی حکومت کا استحقاق ہے البتہ وزارت داخلہ کی جانب سے سیکیورٹی ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے گی جو بھارت میں ہوٹلوں اور گراؤنڈز پر جائے گی۔ ہوٹلوں سے ایئرپورٹ کے روٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ اگر کسی جگہ سیکیورٹی خدشات پائے گئے تو اس بارے میں آئی سی سی کے سیکیورٹی ماہرین اور بھارتی سیکیورٹی حکام کو بتایا جائے گا۔ بھارتی حکام کی جانب سے سیکیورٹی پلان پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اس بارے میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی بھی رائے اہم ہوگی۔ وزارت داخلہ کے حکام کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن یونٹ کا افسر بھی موجود ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بھارت کے دورے کی کلیئرینس ملنے کے بعد حکومت سیکیورٹی وفد کا فیصلہ کرے گی۔ پی سی بی نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے توسط سے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔ اس خط کے ساتھ پاکستان کے تمام میچز کے وینیوز کی فہرست بھی بھیجی ہے اور ہدایت طلب کی ہے کہ کس وینیو پر کھیلنا ہے۔ پی سی بی کے خط میں مزید کہا گیا کہ روانگی کے فیصلے سے قبل اگر وفد بھارت بھیجنا ہے تو اس کا بھی فیصلہ کیا جائے۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 2016 میں بھی بھارت روانگی سے قبل ایک وفد نئی دہلی گیا تھا، وفد بھیجنے سے متعلق پی سی بی معاونت کیلئے تیار ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے سخت تحفظات کے باوجود ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا ہے۔ پی سی بی پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ ناک آؤٹ مرحلے کے علاوہ پاکستان کوئی بھی میچ احمد آباد میں نہیں کھیلے گا۔ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی جانب سے ون ڈے ورلڈکپ شیڈول کے اعلان کے بعد گجرات کے شہر میں ہوٹلز کے کرایوں میں معمول سے 10 سے 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاک بھارت میچ کے دوران ہوٹلز بکنگ کی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز کے ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایس جی ہائی وے پر واقع فائیو اسٹار ہوٹل نے میچ کے روز کمرے کی بکنگ 8 ہزار سے بڑھا کر 90 ہزار 679 بھارتی روپے تک کردی ہے۔ میچ کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان ہونا باقی ہے جبکہ پاکستانی تماشائیوں اور صحافیوں کے لئے بھی پالیسی ابھی سامنے نہیں آسکی ہے۔

اسپورٹس سے مزید