اسکردو(نثار عباس)ا سکرود کے مشہور سیاحتی مقام دیوسائی میں گاڑی کھائی میں گرنے سے ہلاک ہونے والے5 سیاحوں کی میتیں تدفین کے لئے بلوچستان روانہ کی جائیں گی، گزشتہ روز معمول کی فلائٹس کینسل ہونے کے باعث میتوں کو سی ایم ایچ اسکردو کے میت خانے میں رکھا گیا، حادثہ گزشتہ روز دیوسائی روڈ پر پیش آیا جہاں12 ہزار فٹ کی بلندی پر مخالف سمت سے آنے والی گاڑی کی ٹکر سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری ،حادثے میں بدقسمت خاندان کا سربراہ 52 سالہ میر کلام خان اور ان کی 22 سالہ بیٹی بی بی عائشہ بچ گئے جبکہ 42 سالہ محمد سہیل، 14سالہ محمد کامل، 30 سالہ محمد ادریس 25 سالہ بی بی صدیقہ اور 50 سالہ تاج بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق خاندان کے سربراہ کلام خان مری نے بتایا کہ دیوسائی روڈ پر جانے والے سیاحوں نے میری مدد نہیں کی اگر وہ مدد کرتے تو میرا بیٹا کامل بچ سکتا تھا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی اسکردو مرزا حسن نے پولیس جوانوں اور ریسکیو1122 کے ہمراہ جائے حادثہ پہنچ کر گہری کھائی سے تمام لاشیں نکالیں۔ ایس ایس پی نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ مخالف سمت سے آکر ٹکر انے والی گاڑی اور تمام مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو حادثے کے زخمیوں کی مدد کرنے کے بجائے موقع سے فرار ہوئے تھے۔