مصنّفہ: طوبیٰ ندیم
صفحات: 208، قیمت: 800روپے
ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز، آفس نمبر5، کتاب مارکیٹ، اردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2610434 - 0345
زیرِ تبصرہ ناول، محض ایک کہانی نہیں ہے، بلکہ مصنّفہ کے جذبات و احساسات کا وہ مجموعہ ہے، جسے اُنہوں نے اپنے الفاظ میں بیان کیا ہے۔ اُنہوں نے اِس کہانی میں دُکھوں کو زبان دی ہے، وہ دُکھ، جنھیں بیان کرنا کبھی کبھی انسان کے بس سے باہر ہوجاتا ہے۔ اس ناول کے کئی کردار ہیں، مگر اُن میں سے کوئی بھی کردار پرفیکٹ نہیں ہے، بلکہ یہ سب ہماری طرح کے عام انسان ہیں، جو اپنی زندگی میں غلطیاں کرتے ہیں۔دراصل یہ غلطی کرنے والوں کی کہانی ہے۔ ناول میں چھوٹی چھوٹی کہانیاں دی گئی ہیں، جو سماج اور معاشرے سے مربوط ہیں۔
عموماً ناولز میں ایک کہانی کو اِتنا طول دے دیا جاتا ہے کہ پڑھنے والا بے زاری محسوس کرنے لگتا ہے، جب کہ مختصر کہانیاں ذہن و دل پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں، تو اِس ناول کی ہر کہانی ایک نئے ذائقے سے ہم کنار کرتی ہے اور اِس کی ایک انفرادیت یہ بھی ہے کہ اس پر کسی سکّہ بند نقّاد کی رائے نہیں ہے، یعنی سب کچھ قاری پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ہمیں امید ہے کہ یہ ناول ذوق و شوق سے پڑھا جائے گا۔ ویسے باذوق قارئین کو نئے لکھنے والوں کی نگارشات کا بھی مطالعہ کرنا چاہیے کہ نئے لوگوں کی آمد ہی سے ادبی منظرنامہ اپنا تسلسل برقرار رکھ سکتا ہے۔