وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت تحلیل کرنے سے 10 دن پہلے نگراں وزیراعظم کا مشاورت کے ساتھ فیصلہ کریں گے۔
نارووال میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ حکومت تحلیل کرنے کا وقت آئے گا تو ہفتہ، 10 دن پہلے نگراں وزیراعظم کا مشاورت کے ساتھ فیصلہ کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہی کے گڑھےسے نکالا ہے، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی پھینک گئے تھے، حکومت نے سخت فیصلے کر کے عالمی مالیاتی حلقوں میں ساکھ کو بحال کیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ملک کو کسی قسم کی محاذ آرائی کی نہیں یکجہتی کی ضرورت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اپنی سیاست کے نتیجے میں ایکسپوز ہوچکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئیں گے اور انتخابی مہم میں حصہ بھی لیں گے، اگلے الیکشن میں ہر جماعت اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑے گی۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جہاں ضروری ہوگا، قیادت کی سطح پر سیٹ ایڈجسمنٹ ہوسکتی ہے، ابھی تک ایسی تجویز زیر غور نہیں ہے کہ پی ڈی ایم کو انتخابی اتحاد میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے سربراہان آپس میں اتفاق رائے سے فیصلے کرتے آئے ہیں۔