لندن( پ ر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان برطانیہ کےسینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود نے کہا کہ ماضی میں ایک شخص نے کہااسلحہ خریدو اور لسانیت کے نام پر قوم کو تقسیم کر کے اغیار کے ہاتھوں میں کھیلنے لگا اور کراچی جیسے خوبصورت شہر کو قتل و غارت گری میں مبتلا کر دیا، بھائی کو بھائی سے لڑوا کر خون کی ہولی کھیلتا رہا ۔ دو بہادر بیٹے مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے کراچی اور پاکستان کو بچانے کیلئے پاکستانی پرچم تھام کر کہا کہ ہم ایک ہیں اور بڑے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر قوم کے بچوں بچانے کے مشن پر چل نکلے ۔انہوں نے کہا ایم کیو ایم ایک نئی سوچ نئے فکر و فلسفہ کا نام ہے جو اس بات پر یقین رکھتی ہے اب اسلحہ نہیں بلکہ کمپیوٹر کا دور ہے، ہم آئین پاکستان کی حدود میں رہتے ہوئے پاکستان کی عوام کو تمام جائز حقوق دلوا کر رہیں گے اور جو شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے تفرقہ بازی کرتے ہیں وہ باز آ جائیں،بانی ایم کیو ایم کا چیپٹر ہمیشہ کیلئے بند ہو گیا ہے جو عناصر بانی ایم کیو ایم کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں وہ عناصر انسانيت اور پاکستان کے دشمن ہیں۔