وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ پاکستان عام انتخابات کے بعد استحکام کی طرف بڑھے گا۔
اسلام آباد میں سفیروں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ دوست ملکوں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے تعاون سے ممکن ہوا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، کوشش کی ہے کہ سیاست کو خارجہ پالیسی پر اثرانداز نہ ہونے دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 ماہ میں عالمی سطح پر خارجہ تعلقات میں بہتری آئی، بطور وزیرخارجہ مختلف ملکوں کےدورے کیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ دو طرفہ باہمی تعلقات کی بہتری کےلیے ہرممکن کوشش کی، آئی ایم ایف سے معاہدہ دوست ممالک کے تعاون سے ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گزشتہ سال پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا رہا، کوپ 27 کانفرنس میں دوست ممالک نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے وعدے کیے۔