• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، متعدد سڑکیں زیر آب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگئی جبکہ بارش کے بعد متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں ۔ تیز ہواؤں کے ساتھ شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے خوش سے کھل اٹھے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سندھ میں بھی بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اتوار شام سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ بارش کے بعد متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہوگی۔ شہر میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا آغاز ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق گلشن معمار، اسکیم 33، سپرہائی وے پر تیز ہواؤں کے ساتھ بار ش ہوئی۔ بوٹ بیسن، کورنگی، گلشن اقبال، بہادر آباد، اسٹیڈیم روڈ،گلشن جوہر، ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، کلفٹن، پنجاب چورنگی اور ملیر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیشتر وقت مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ پیر اور منگل کے روز بھی وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اہم خبریں سے مزید