کراچی (اسد ابن حسن) سعودی جنرل سول ایوییشن اتھارٹی گاکا نے 12 ممالک میں جاری کردہ ویزا اسٹیکرز جو ورک، وزٹ اور ریزیڈنس کے حوالے سے پاسپورٹس پر چسپاں کیے گئے ان پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے گاکا نے پاکستان سے سعودی عرب اپریٹ ہونے والی تمام ایئر لائنوں کو مراسلے تحریر کر دیے ہیں۔ مراسلے میں جن 12 ملکوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں پاکستان، یمن، سوڈان، یوگنڈا، لبنان، نیپال، ترکیہ، سری لنکا، کینیا، مراکش، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک میں موجود سعودی ایمبیسیز اور سفارتی مشنز سعودی عرب جانے والے مسافروں کے پاسپورٹوں پر جو ویزا اسٹیکرز چسپاں کرتے ہیں اس کے بجائے اے فور سائز کے پیپر پر مسافر کا سفر کرنے کا اجازت نامہ اور دیگر تفصیلات درج ہوں گی جس کی تصدیق ایئر لائن صفحے پر پرنٹ کیو ار کوڈ سے بھی کر سکتی ہیں۔