کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی چور مافیا کو معاف نہیں کیا جائے گا، حب ڈیم کا بھر جانا کراچی کے شہریوں کے لئے ایک اچھی خبر ہے بارشوں کے دوران حب کینال کے مختلف حصوں کو کچھ نقصان پہنچا ہے انہوں نےچیف ایگزیکٹو آفیسر واٹر کارپوریشن سید صلاح الدین احمد اور کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسد اللہ خان کے ہمراہ حب پمپنگ اسٹیشن اور حب کینال کا تفصیلی دورہ کیا، اس دورے کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء کرم اللہ وقاصی، علی احمد جان، چیف انجینئر بلک سکندر زرداری سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر نے اس موقع پر کہا کہ حالیہ ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد حب کینال کی موجودہ صورتحال کو جاننا ضروری تھا کیونکہ بارشوں کے دوران حب کینال کے مختلف حصوں کو کچھ نقصان پہنچا ہے جو چیف آپریٹنگ آفیسر میرے علم میں لائے تھے۔