• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم آزاد کشمیر سے چوہدری پرویز اقبال لوہسر کی ملاقات

برسلز(عظیم ڈار) ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے گزشتہ روز کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام، حکومت اور اوورسیز پاکستانی کشمیری عوام کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت کے 5اگست 2019کے اقدام کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت کے اس گھناؤنے اور غیر روایتی اقدام کو بے نقاب کرتے ہوئے جھوٹی جمہوریت کا پردہ چاک کرتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ جب تک بھارت یہ اقدام واپس نہیں لے لیتا پاکستانی عوام اور حکومت ہر محاذ پر بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔پرویزلوہسر نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کے حقوق کا اصل ضامن ہے اور پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنی ہی جلدی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی راہ ہموار ہوگی۔انھوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیرکو ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی جانب سے 5اگست کے حوالے سے یورپ بھر میں مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی مذمت کیلئے کئے گئے مظاہروں اور ریلیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے چوہدری پرویز اقبال لوہسر کی کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔
یورپ سے سے مزید