برسلز (حافظ اُنیب راشد) بھارت کے یوم آزادی 15اگست کو کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلزمیں بھارتی سفارتخانے کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ (ای یو) نے کیا تھا۔ یاد رہے کہ کشمیرکے دونوں حصوں میں موجود کشمیری باشندے اور دنیاکے دوسرے خطوں میں رہنے والے ان کے ہم وطن ہرسال 15اگست بھارت کے یوم آزادی کو احتجاجاً یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔ برسلز کے مظاہرے میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کے علاوہ کشمیریوں سے ہمدردی رکھنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےکشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ ہم اس لیے احتجاج کررہے ہیں کیونکہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکردی ہے۔ گذشتہ چند سال سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے اور اسی وجہ سے مظلوم کشمیری گونا گوں مشکلات کا شکار اور ان کے اہم سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن نظربند اور گرفتار ہیں۔ بھارت کشمیریوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی کررہا ہے اور نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔ بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کے درپے ہے۔ علی رضا سید نے کہاکہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیرکی آزادی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے اور ہم بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرناچاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ مناتے رہیں گے جب تک جموں و کشمیرکو بھارت سے آزادی مل نہیں جاتی۔ دیگر مقررین جن میں خالد جوشی، سردار محمود خان ، علی حسنین جوئیہ، اظہر حسین شاہ، چوہدری نصیر، شعیب خان، محمد فیصل اور حاجی خلیل شامل تھے ، نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کئے جائیں، تمام کشمیری قیدیوں کو رہا کیا جائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوجیوں کا انخلا کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے۔ اس مظاہرے میں برسلز پارلیمنٹ کے سابق رکن ڈاکٹر منظور ظہور اور آندرلیخت کمیون کے کونسلر عامر نعیم نے فرنچ زبان میں خطاب کیا دونوں مقررین نے بھارتی حکومت کو انسانی حقوق کا مجرم قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یہاں ہر پلیٹ فارم پر ان خلاف ورزیوں کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر اٹھاتے رہیں گے۔ بعد ازاں حاجی خلیل کی دعا کے ساتھ یہ مظاہرہ اختتام پذیر ہوگیا۔