کراچی(نیوز ڈیسک)بین الاقوامی فوڈ چین برگر کنگ نے قیمتوں میں چار گنا سے زیادہ اضافے کے بعد بھارتی آؤٹ لیٹس میں اپنے ریپس اور برگروں سے ٹماٹروں کو نکال دیا ہے، دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں صارفین کو بری طرح متاثر کرنے والی یہ خوراک کی بڑھتی ہوئی افراط زر کی تازہ ترین علامت ہے۔ برگر کنگ انڈیا کے دو آؤٹ لیٹس پر چسپاں نوٹس میں تحریر ہے کہ ٹماٹروں کو بھی چھٹی کی ضرورت ہے، ہم اپنے کھانے میں ٹماٹر شامل کرنے سے قاصر ہیں، فوڈ چین نے کمی کی وضاحت میں معیار کے مسائل کا حوالہ دیا ہے۔ تقریباً 400 آؤٹ لیٹس کے ساتھ بھارت کی سب سے بڑی فوڈ چینزمیں سے ایک برگر کنگ بھی میک ڈونلڈز اور سب وے اسٹورز میں شامل ہوگئی ہے جنہوں نے مینو سے ٹماٹروں کو ہٹا دیا ہے کیونکہ رواں ہفتے بھارت کی غذائی افراط زر جنوری 2020کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ حتیٰ کہ امریکی سینڈویچ چین نے پنیر کے مفت سلائسز دینا بند کردیے جو کئی سال سے پیش کررہی تھی۔