حافظ آباد،اسلام آباد(جنگ نیوز،خصوصی نامہ نگار) پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹر وے پر کراچی سے اسلام آباد جانیوالی مسافر کوچ ڈیزل کے ڈرموں سے لوڈڈ سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی حادثے کے بعد آگ بھڑکنے سے 20 مسافر جل کر جاں بحق اور 14زخمی ہوگئے، تصادم کے بعد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، لاشیں بری طرح جل گئیں، و بچے شامل ، 14زخمی ،4 کی حالت تشویشناک، حادثہ مسافر بس کے ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا، صدر مملکت ، نگران وزیر اعظم ، وزراء ،چیئرمین سینٹ،سپیکرقومی اسمبلی ،سابق وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز اور راجہ ظفر الحق نے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے، دوسری جانب موٹر وے عملے کی غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی موٹروے پولیس نے تمام شفٹ میں موجود آفیسرز اور بیٹ کمانڈر کو معطل کر دیا،گزشتہ صبح فجر کے وقت کراچی سے اسلام آباد جانیوالی مسافر کوچ اور پک اپ وین میں پنڈی بھٹیاں کے قریب خوفناک تصادم ہوا جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں کوچ میں سوار 20 مسافر جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ،پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسافر بس میں 35 سے 40 مسافر سوار تھے جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر فہد احمد نے بتایا کہ مسافر بس سڑک پر کھڑی سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی جس میں ڈیزل کی ٹنکی لوڈ تھی پک اپ میں ڈیزل کے ڈرم رکھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے بس میں آگ لگی، حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں بری طرح جل گئیں، شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوسکے گی زخمیوں کو پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد کے ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔