اسلام آباد(جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ملک میں عام انتخابات کے مقررہ وقت میں ممکنہ تاخیر پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اس حوالے سے اسلام آباد میں7ستمبر 2023 کوʼʼآل پاکستان وکلا ء کنونشنʼʼ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، بجلی کےزائد بل اور تمام غیر ضروری ٹیکس مکمل طور پر واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر عابد ایس زبیری کی صدارت میں ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات سے متعلق آئین میں فراہم کردہ 90 دن کی مدت اور قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اورمتفقہ طور پر اس معاملہ کے حل کے لئےʼʼآل پاکستان وکلا ء کنونشنʼʼ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ دریں ا ثناسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں خطرناک حد تک اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زائد بلوں کی واپسی اور بجلی پر عائد تمام غیر ضروری ٹیکس مکمل طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔