کراچی(طاہر عزیز…اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پانی چوری روکنے کے لئے بنائی گئی ٹیموں کے خلاف کارروائی، سی ای او واٹر بورڈ نے دونوں اینٹی تھیفٹ سیل ٹیموں پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ان کے لیڈر اور کو لیڈر کو نوٹس جاری کر دیئے،ذرائع کے مطابق سی ای او نے یہ اقدام پانی چوری روکنے کے نام پر بوگس کارروائیوں کی ملنے والی شکایات پر کیا ہے،سی ای او سید صلاح الدین نے بدھ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر میں ٹیم ون کے لیڈر تابش رضا،ٹیم ٹو کے انچارج عبداللہ عمران اور کوٹیم لیڈر عامرخان کو کہا کہ کارروائی سے قبل اور نہ بعد میں اس دفتر کو آگاہ کیا جاتا ہےکہ آپریشن کہاں کیا جائے گا اور کہاں کیا گیا اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ اینٹی تھیفٹ سیل سے الگ کر دیا جائے گاذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او نے یہ اقدام پانی چوری روکنے کے نام پر بوگس کارروائیوں کی ملنے والی شکایات پر کیا ہے ایسی اطلاعات مل رہی تھیں کہ ان ٹیموں کی کارروائی کے بعد اسی روز یا اگلے دن معاملات طے ہونے کے بعد کنکشن دوبارہ بحال ہو جاتے ہیں آئندہ چیک اور بیلنس رکھنے کے لئے سی ای او نے یہ سخت اقدام کیا ہے تاکہ مکمل فہرست ادارے کے پاس موجود ہو کہ ٹیموں نے کہاں کہاں آپریشن کئے ہیں اور بعد میں کن مقامات پر کنکشن ہو گئے مذکورہ افسران کو لیٹر وصول کرا دئیے گئے ہیں بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی تھیفٹ ٹیموں کو مکمل ختم کرنے غور کیا جا رہا ہے۔