کوئٹہ(خ ن)اشیاء خوردونوش کے معیار کی جانچ کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے چمن اور کوئٹہ میں متفرق کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کوئٹہ اور چمن شہر میں 28 مراکز پر جرمانہ عائد ،متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری جبکہ کیچپ اور بوٹلڈ واٹر کے سیمپلز لیکر لیبارٹری تجزیہ کیلئے بھجوا دئیے ۔ چمن میں جرمانہ کئے گئے مراکز میں 4 بیکنگ یونٹ ، 2 بیکریاں ، 4 مصالحہ شاپس ،3 ملک شاپس اور ایک ہوٹل شامل ہیں ۔ بیکرز کے خلاف مختلف وجوہات بیکنگ احاطوں میں گندگی ، اشیاء کی پیکنگ میں پرنٹڈ پیپر کے استعمال ، پروڈکشن میں غیر معیاری اجزاء کی آمیزش اور تیار اشیاء پر ایکسپائری تاریخیں ظاہر نہ کرنے پر ایکشن لیا گیا۔ ہوٹل میں صفائی کی صورتحال ابتر اور پکوان میں چائنیز نمک استعمال کیا جارہا تھا جبکہ مصالحہ شاپس کو زائد المیعاد و ممنوعہ مصنوعات کی موجودگی اور دکانوں کے باہر گردوغبار میں کھلے مصالحوں کی اسٹوریج پر جرمانہ کیا گیا۔ دودھ میں ملاوٹ پر موبائل لیب ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں ملک شاپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دودھ میں پانی اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ پر 3 ملک شاپ مالکان پر جرمانے عائد کیے ، ملک انسپکشن ٹیم کے مطابق متعدد مراکز ملک شاپس ، ہوٹلوں سے سیمپلز لیکرآن دی سپاٹ ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3 دودھ فروشوں کے دودھ میں پانی کی وافر مقدار اور سکمڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ شہر میں بی ایف اے حکام نے فیصل ٹاؤن ، میکانگی روڈ ، سبزل اور بروری کے علاقوں میں 14 خوراک کے مراکز کے خلاف کارروائی کے دوران مراکز سے برآمد شدہ ایکسپائرڈ و ممنوعہ اشیاء کی بڑی مقدار ضبط و تلف کی۔