• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش نے مزہ کرکرا کردیا، پاک، بھارت میچ بے نتیجہ، دونوں کو ایک ایک پوائنٹ ملا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بارش کی وجہ سے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا ، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا، پاکستانی پیسرز نے بھارتی بیٹنگ کے بڑے برج گرادیئے،پاکستان نے پہلا میچ نیپال کے خلاف 238رنز سے جیتا تھا اور تین پوائنٹس کے ساتھ پاکستان نے سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا۔پاکستانی فاسٹ بولروں شاہین،حارث اور نسیم نے بھارت کو بڑا اسکور کرنے نہیں دیا ۔بھارتی اننگز ختم ہونے کے ساتھ ہی بارش شروع ہوگئی اور مزید میچ نہ ہوسکا۔ہفتے کو پالی کیلے میں پاکستانی فاسٹ بولنگ نے بھارتی بیٹنگ کے بڑے برج گرادیئے۔پیر کو اسی گراونڈ میں بھارت اور نیپال کا میچ ہوگا جبکہ پاکستانی ٹیم بدھ کو سپر فور مرحلے کا پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلہ دیش یا افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم سات گیندیں قبل 266رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔تما م وکٹیں پاکستانی فاسٹ بولروں نے حاصل کیں۔شاہین شاہ آفریدی نے دس اوورز کے اسپیل میں35رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔نسیم شاہ نے36اور حارث روف نے58رنز کے عوض تین تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔اسپنر شاداب خان ،محمد نواز اور سلمان آغا نے21رنز دے کر133رنز دیئے لیکن اسپنرز کو وکٹ نہ مل سکی۔بھارت کے66رنز پر چار وکٹ گرنے کے بعد ہاردیک پانڈیا اورایشان کشن نے پانچویں پر141گیندوں پر138رنز کی شراکت قائم کی۔دونوں نے درمیانے اوورز میں اننگز کو استحکام دیا۔پاکستان کی جانب سے بولنگ کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا اور ابتدائی اوورز میں بھارتی بیٹرز نے پراعتماد انداز میں آغاز کرتے ہوئے چار اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔تاہم اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے سبب آدھے گھنٹے سے زائد تک کھیل رکا رہا۔میچ دوبارہ شروع ہوا تو شاہین شاہ آفریدی زیادہ بہتر ردھم میں نظر آئے اور تیسری ہی گیند پر شاہین نے بھارتی کپتان روہت شرما کو بولڈ کردیا۔شاہین آفریدی نے نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اگلے اوور کی تیسری گیند پر ویرات کوہلی کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیاب دلائی۔حارث رؤف کو بولنگ دی گئی۔ شریاس آئیر نے ان کا استقبال دو چوکے لگا کر کیا لیکن اگلے اوور میں فاسٹ بولرنے اس کا بدلہ انہیں پویلین رخصت کر کے کیا اور بھارتی ٹیم 10 اوورز میں 48 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔شبمن گل پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر ان کی 32 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کی حارث رؤف کے ہاتھوں ہی اختتام کو پہنچی اور بھارت کو 66 رنزپر چوتھا نقصان پہنچا۔ایشان کشن نے دوسرے اینڈ سے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ہردک پانڈیا کے ساتھ ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ ایشان کشن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 7چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔دونوں کھلاڑیوں دباؤ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران ہردک پانڈیا نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔

اہم خبریں سے مزید