اوٹاوا (اے ایف پی) کینیڈا نے ملکی انتخابات میں بیرونی مداخلت ، بشمول چین کی مداخلت کے الزامات کی تحقیقات کیلئے اپیل کورٹ کے جج کو نامزد کردیا ہے ۔کینیڈا میں وزیر برائے پبلک سیفٹی ڈومنیک لی بلانک نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملک کے جمہوری اداروں میں مداخلت نا قابل قبول ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چین ، روس سمیت دیگر غیر ملکی ریاستوں اور نان اسٹیٹ ایکٹرز کی جانب سے مداخلت کی تفتیش اور اس کا جائزہ لینے کا ٹاسک جسٹس ہوگ کو دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس ہوگ کے پاس تفتیش کے وسیع تر اختیارات ہوں گے اور وہ 2019اور 2021کے عام انتخابات میں ممکنہ مداخلتوں کے اثرات کی تحقیقات کے دوران شواہد کا جائزہ لیں گی ۔ واضح رہے کہ کینیڈا کے آخری دونوں انتخابات کے دوران چین پر مداخلت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جس کے بعد سے چین اور کینیڈا کے تعلقات کم ترین سطح پر آگئے جبکہ اراکین اسمبلی کو خوفزدہ کرنے کی کوششوں کے بعد چینی سفیر کو مئی میں ملک سے بے دخل کردیا تھا ۔ بیجنگ نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیتے ہوئے جوابی کارروائی کے دوران شنگھائی میں کینیڈا کے قونصلیٹ سے کینیڈین سفیر کو ملک سے بے دخل کردیا تھا ۔